جمعہ 27 نومبر 2026 - 15:04
اصلاحِ معاشرہ کا آغاز اپنی اصلاح سے ہوتا ہے؛ نماز، وقت کی قدر اور اہلِ بیتؑ کی تعلیمات پر عمل ضروری ہے، مولانا سید منظور رضا عابدی

حوزہ/ حجۃ الاسلام مولانا سید منظور رضا عابدی نے خطبۂ جمعہ میں اصلاحِ معاشرہ کے لیے نماز کی پابندی، وقت اور جوانی کی قدر، خاندان کے حقوق، حلال روزی اور اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عملی طور پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دوسرے خطبے میں معاشرتی اصلاح، خواتین کے تربیتی کردار اور مجالس و عزاداری کے انتظامات میں شفافیت، انصاف اور نظم و ضبط کی اہمیت بیان کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علی پور-کرناٹک/ مسجد جعفریہ علی پور، کرناٹک میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام جمعہ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید منظور رضا عابدی نے کہا کہ اصلاحِ معاشرہ کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب سے پہلے اپنی زندگی، اپنے اعمال اور اپنے کردار کا جائزہ لیں۔ خداوندِ متعال نے ہمیں صحت، سلامتی، زندگی، وقت اور بے شمار نعمتیں عطا کی ہیں۔ اگر انسان کسی بیماری یا تکلیف میں مبتلا ہو اور صرف چند گھنٹے سکون سے گزارنے کے لیے اسے ہزاروں روپے خرچ کرنے پڑیں تو وہ سلامتی کی قدر سمجھتا ہے۔ لیکن خدا نے ہمیں ہر روز سلامتی اور آرام عطا کیا ہے، کیا اس نعمت کا شکر ادا کرنا ہمارا حق نہیں کہ ہم صبح اٹھ کر خدا کی بارگاہ میں حاضر ہوں اور نمازِ صبح ادا کریں؟

انہوں نے کہا کہ اذانِ صبح خدا کی طرف سے دعوتِ بندگی ہے، مگر افسوس کہ ہمارے معاشرے میں بہت سے لوگ اس دعوت سے غافل ہیں۔ رات دیر تک غیر ضروری محفلوں اور گفتگو میں وقت گزارنا اور صبح واجب نماز سے غفلت کرنا ہمارے لیے لمحۂ فکر ہے۔

اسی طرح نکاح صرف ایک رسم یا خوشی کا موقع نہیں بلکہ ذمہ داری کا آغاز ہے۔ شوہر ہونے کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنی زوجہ اور بچوں کے حقوق ادا کرے، ان کی ضروریات، تعلیم، تربیت اور مستقبل کا خیال رکھے۔ انسان کو شادی سے پہلے اور شادی کے بعد اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے، کیونکہ خاندان کی تشکیل کے ساتھ حقوق اور ذمہ داریاں بھی وابستہ ہو جاتی ہیں۔

اصلاحِ معاشرہ کا آغاز اپنی اصلاح سے ہوتا ہے؛ نماز، وقت کی قدر اور اہلِ بیتؑ کی تعلیمات پر عمل ضروری ہے، مولانا سید منظور رضا عابدی

مزید بیان میں کہا کہ خدا نے وقت کی نعمت سب کو برابر عطا کی ہے، ہر انسان کے پاس چوبیس گھنٹے ہیں۔ کوئی اس وقت کو محنت، علم اور ترقی میں استعمال کرتا ہے اور کوئی غفلت اور سستی میں ضائع کر دیتا ہے۔ جوانی برف کی طرح پگھلتی چلی جاتی ہے، لہٰذا ہمیں وقت اور جوانی دونوں کی قدر کرنی چاہیے۔

انکا کہنا تھا کہ مال بھی خدا کی عطا کردہ نعمت ہے، جس کے حصول اور استعمال کے بارے میں انسان سے سوال ہوگا کہ مال کہاں سے حاصل کیا اور کہاں خرچ کیا۔ ہمیں حلال روزی، دیانت داری، محنت اور معاشی ذمہ داری کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا اہلِ بیت علیہم السلام سے محبت صرف نام اور دعوے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ان کی تعلیمات ہمارے کردار اور عملی زندگی میں نمایاں ہونی چاہئیں۔ حقیقی پیروکارِ اہلِ بیتؑ عبادت، سچائی، امانت داری، اخلاق، خدمتِ خلق اور حسنِ کردار سے پہچانے جاتے ہیں۔ اگر ہم شیعہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں تو ہماری زندگی میں اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کا اثر نمایاں ہونا چاہیے۔

امام جمعہ علی پور نے کہا کہ اصلاحِ معاشرہ کا آغاز اپنی اصلاح سے ہوتا ہے۔ نماز کی پابندی، وقت کی قدر، خاندان کے حقوق، جوانی کا صحیح استعمال، حلال روزی اور اخلاقِ اہلِ بیتؑ کو اپنی زندگی میں نافذ کرنا ہی ایک صالح اور بہترین معاشرے کی تشکیل کا راستہ ہے۔

خطبہ دوم میں تقویٰ الٰہی کی سفارش کے بعد معاشرے کی اصلاح اور کردار سازی میں خواتین کے اہم کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ معاشرے کی اسلامی، اخلاقی اور حسینی تربیت میں خواتین، خصوصاً ماؤں اور بہنوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ایک عورت صرف ایک فرد نہیں بلکہ نسلوں کی تربیت کرتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت انجمن جعفریہ کی نگرانی میں علی پور کے اداروں سے وابستہ خواتین کی ایک اہم نشست منعقد ہوئی، جس میں خواتین کے تعاون، ذمہ داریوں اور معاشرتی اصلاح کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ مجالس و محافل کے مالی امور میں شفافیت، نظم اور ذمہ داری کو ضروری قرار دیا گیا، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ اداروں کے مالی حسابات انجمن جعفریہ کے سامنے واضح طور پر پیش کیے جائیں۔

مزید کہا کہ عزاداری کے انتظامات میں انصاف بنیادی اصول ہونا چاہیے۔ مجالس میں آنے والے تبرکات اور دیگر عطیات امام حسینؑ کی عزاداری کے لیے ہیں، لہٰذا ان کی تقسیم میں کسی رشتہ داری، ذاتی تعلق یا پسند و ناپسند کی بنیاد پر امتیاز نہیں ہونا چاہیے، بلکہ تمام عزاداروں کا یکساں احترام اور حق ملحوظ رکھا جائے۔مجالس و محافل کے نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور اختصار پر بھی تاکید کی گئی۔ مجالس مقررہ وقت پر شروع اور ختم ہوں، ضعیف، بیمار اور دیگر عزاداروں کی سہولت کا خیال رکھا جائے، اور ذاکرین و علماء موقع، مناسبت اور حاضرین کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے بیان اور ذکرِ مصائب پیش کریں۔ غیر ضروری طوالت سے اجتناب کرتے ہوئے عزاداری کے وقار اور اثر کو برقرار رکھا جائے۔

اصلاحِ معاشرہ کا آغاز اپنی اصلاح سے ہوتا ہے؛ نماز، وقت کی قدر اور اہلِ بیتؑ کی تعلیمات پر عمل ضروری ہے، مولانا سید منظور رضا عابدی

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دعاؤں، سلام، مرثیہ اور دیگر مذہبی پروگراموں میں اہلِ صلاحیت نوجوانوں اور افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے، تاکہ انہیں تبلیغِ دین اور عزاداری کے لیے بہتر مواقع فراہم ہوں۔

آخر میں ولادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے منعقد ہونے والی محافل میں شرکت کی دعوت دی گئی، نیز نمازِ صبح کے وقت کے حوالے سے احتیاط کی تاکید کی گئی، تاکہ نماز اپنے یقینی وقت میں ادا ہو۔ علی پور کے دینی و تبلیغی میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے تبلیغِ دین میں تعاون اور حصہ لینے کی بھی ترغیب دی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha